حیدرآباد،28؍مارچ (اییس او نیوز؍ایجنسی) آندھرا پردیش کے ضلع نیلور میں پیش آئے خطرناک سڑک حادثہ میں پڑوسی ریاست تمل ناڈدسے تعلق رکھنے والے 8 عقیدت مند ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ اتوار کی صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع نیلور کے بُچی ریڈی پالم منڈل کے دامرمڈگو علاقہ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایک ٹھہری ہوئی لاری کو ٹمپو گاڑی نے ٹکر مار دی۔ اس ٹمپو میں تمل ریاست کے عقیدت سوار تھے جو سری سیلم کے مندر اور دیگر مندر سے درشن کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
لاری اور ٹیمو کی ٹکر سے پیش آنے والا یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹمپو میں سوار 7 عقیدت مند موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کی موت اسپتال منتقلی کے دوران ہو گئی۔ تمل ناڈو کے پیرمبورسے تعلق رکھنے والے یہ عقیدت مند کل شب نیلور کے لئے روانہ ہوئے تھے تاہم تقریباً 2.15 بجے شب یہ حادثہ پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔ حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کر رہا تھا۔
اس حادثہ میں ٹمپو کے سامنے کے حصہ کو شدید نقصان پہنچا۔مہلوک ڈرائیور کی شناخت نیلور سے تعلق رکھنے والے گروناتھ ریڈی کے طورپر کی گئی ہے۔ اس حادثہ میں 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے وقت ٹمپو میں 16 افراد سوار تھے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے راحت کام شروع کئے اور حادثہ کا سبب بننے والی گاڑی کو سڑک سے ہٹاتے ہوئے اس روٹ کو ٹریفک کے لئے بحال کیا۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ ڈرائیور کے حالت نیند میں ہونے کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا اور زخمیوں کو علاج کے لئے روانہ کر کے معاملہ درج کر لیا اور جانچ شروع کر دی۔مرنے والوں کی شناخت جگدیش، پدمنی، نندکمار، ریوتی، دیوی، سجاتا، آشا، گروناتھ ریڈی (ٹمپو ڈرائیور) کے طور پر کی گئی ہے۔